حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جہانی اہلبیت (ع) کی سپریم کونسل کے چیئرمین حجت الاسلام والمسلمین محمدحسن اختری نے حرم مطہر امامزادہ یحییٰ بن زید علیہ السلام مشہد میں حوزوی، یونیورسٹی اور مقاومتی محاذ کے ثقافتی کارکنوں کی موجودگی میں منعقدہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس "غدیر و مقاومت" میں عشرۂ ولایت و امامت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے غدیری ثقافت اور اسلامی مقاومت کے درمیان گہرے تعلق پر زور دیا۔
انہوں نے واقعہ غدیر کی عظمت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عید سعید غدیر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جانشین کے تعین اور خداوند متعال کی طرف سے اسلامی معاشرے کے امام اور پیشوا کے متعارف کرانے کا دن ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین اختری نے اسلام، مقاومت اور انقلاب اسلامی کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: آج بھی لبنان، فلسطین اور مقاومتی محاذ کے دیگر علاقوں میں بہت سے مجاہدین دینِ اسلام کے دفاع اور ظلم و قبضے کے خلاف جدوجہد میں شہید ہو رہے ہیں اور شہداء کا راستہ جاری و ساری ہے۔

انہوں نے اسلامی مصادر میں امیرالمؤمنین علیہ السلام کے فضائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عظیم مفسرین کے اقوال کے مطابق قرآن کریم کی سینکڑوں آیات امیرالمؤمنین علیہ السلام کے فضائل اور مناقب کے بارے میں نازل ہوئی ہیں اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بھی بہت سی روایات آپ کے مقام کے بارے میں نقل ہوئی ہیں۔
مجمع جہانی اہلبیت (ع) کی سپریم کونسل کے چیئرمین نے آخر میں کہا: اسلامی مقاومت ولایت کے راستے کا تسلسل ہے اور اس راستے کا امتداد ہے جو غدیر میں متعین کیا گیا تھا۔ جس طرح قرآن کریم مومنین کو دشمنوں کے مقابلے میں استقامت کی دعوت دیتا ہے، اسی طرح مقاومتی محاذ بھی ولایت کی ثقافت اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے استفادہ کرتے ہوئے دشمنان اسلام کے مقابلے میں کھڑا ہے اور یہ راستہ پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گا۔









آپ کا تبصرہ